واپس
دین میں غور و فکر: حقیقت کی تلاش اور خوف کے درمیان

دین میں غور و فکر: حقیقت کی تلاش اور خوف کے درمیان

انسان کے دین کے بارے میں اٹھائے گئے ہر سوال کو ایمان کی کمزوری کی دلیل نہیں کہا جا سکتا، اور نہ ہی ان سوالات سے بچنا ہر حال میں ایمان کی مضبوطی کی علامت ہوتا ہے۔ بہت سے لوگوں کی زندگی میں ایک نمایاں بات دیکھی جا سکتی ہے کہ وہ دین پر عمل تو کرتے ہیں، مگر زیادہ تر ثقافتی طور پر اس سے وابستہ ہوتے ہیں اور اس پر گہرے غور و فکر سے کتراتے ہیں۔بعض اوقات جب عقیدہ، دینی نصوص کی تفہیم یا مذہبی افکار کی تاریخ سے متعلق سوالات سامنے آتے ہیں تو وہ ایک طرح کی بے چینی یا خوف محسوس کرتے ہیں۔ کچھ لوگ تو ایسے سوالات کو بحث سے دور ہی رکھنا پسند کرتے ہیں، اس لیے نہیں کہ ان کے پاس واضح جوابات ہوتے ہیں، بلکہ اس لیے کہ وہ محسوس کرتے ہیں کہ محض ان سوالات کا اٹھنا ہی ان کے اندرونی سکون کو برباد کر سکتا ہے۔

الشيخ معتصم السيد أحمد

انسان کے دین کے بارے میں اٹھائے گئے ہر سوال کو ایمان کی کمزوری کی دلیل نہیں کہا جا سکتا، اور نہ ہی ان سوالات سے بچنا ہر حال میں ایمان کی مضبوطی کی علامت ہوتا ہے۔ بہت سے لوگوں کی زندگی میں ایک نمایاں بات دیکھی جا سکتی ہے کہ وہ دین پر عمل تو کرتے ہیں، مگر زیادہ تر ثقافتی طور پر اس سے وابستہ ہوتے ہیں اور اس پر گہرے غور و فکر سے کتراتے ہیں۔بعض اوقات جب عقیدہ، دینی نصوص کی تفہیم یا مذہبی افکار کی تاریخ سے متعلق سوالات سامنے آتے ہیں تو وہ ایک طرح کی بے چینی یا خوف محسوس کرتے ہیں۔ کچھ لوگ تو ایسے سوالات کو بحث سے دور ہی رکھنا پسند کرتے ہیں، اس لیے نہیں کہ ان کے پاس واضح جوابات ہوتے ہیں، بلکہ اس لیے کہ وہ محسوس کرتے ہیں کہ محض ان سوالات کا اٹھنا ہی ان کے اندرونی سکون کو برباد کر سکتا ہے۔

یہ رجحان کسی ایک ماحول یا کسی خاص مذہب تک محدود نہیں، بلکہ بہت سے معاشروں میں دیکھا جا سکتا ہے۔ یہاں اصل سوال خود دین کے بارے میں نہیں ہے بلکہ اس نفسیاتی اور ثقافتی تعلق کے بارے میں ہے جو انسان اپنے عقائد کے ساتھ قائم کرتا ہے۔ کچھ لوگ دین کے بارے میں سوچنے سے کیوں ڈرتے ہیں؟ وہ کیوں محسوس کرتے ہیں کہ دینی سوالات ایک ایسا خطرہ ہیں جن سے بچنا چاہیے؟ اور کیا دین پر غور کرنا لازماً ایمان کو کمزور کرتا ہے یا یہ اس کو مزید مستحکم کرنے کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے؟

اس رجحان کو سمجھنے کے لیے سب سے پہلے دین کے ساتھ تعلق کی دو مختلف سطحوں میں فرق کرنا ضروری ہے: ایک وابستگی کی سطح اور دوسری فہم کی سطح۔ دین سے وابستگی اکثر اوقات سماجی اور ثقافتی شناخت کا حصہ ہوتی ہے۔ انسان ایک مخصوص مذہبی ماحول میں پیدا ہوتا ہے، بچپن سے اس کی رسومات اور اقدار سیکھتا ہے اور یوں اس کا دین سے تعلق اس کی مانوس دنیا کا حصہ بن جاتا ہے۔ یہ وابستگی لازماً اس بات کی دلیل نہیں ہوتی کہ انسان نے اپنے عقیدے کی فکری یا فلسفی بنیادوں پر غور بھی کیا ہو۔

جب ایسے سوالات سامنے آتے ہیں تو کچھ لوگ محسوس کرتے ہیں کہ یہ سوالات محض کسی دینی نظریہ کو نہیں بلکہ اس سے بھی گہری چیز کو چیلنج کر رہے ہیں گویا یہ اس نفسیاتی ڈھانچے کو ہلا سکتے ہیں جو ان کی زندگی کو استحکام کا احساس دیتا ہے۔ بہت سے لوگوں کے لیے دین صرف خیالات کا مجموعہ نہیں بلکہ سکون، معنویت اور وابستگی کا ذریعہ بھی ہوتا ہے۔ اسی لیے اس پر تنقیدی غور کرنا بعض اوقات ایک خطرناک قدم محسوس ہوتا ہے۔

نفسیاتی لحاظ سے اس خوف کی کچھ وضاحت اس تصور سے کی جاسکتی ہے جسے علمِ نفسیات میں "ادراکی تضاد سے بچاؤ" کہا جاتا ہے۔ انسان فطری طور پر اپنی سوچ اور دنیا کے بارے میں اپنے تصور میں ہم آہنگی برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ جب اسے ایسے سوالات کا سامنا ہوتا ہے جو ان باتوں میں پیچیدگی یا ابہام پیدا کر سکتے ہیں جنہیں وہ پہلے سادہ سمجھتا تھاتو اسے بے چینی محسوس ہوتی ہے۔ اسی لیے کچھ لوگ اس طرح کے سوالات سے بچنا بہتر سمجھتے ہیں بجائے اس کے کہ وہ ایسی سوچ میں داخل ہوں جو انہیں ذہنی طور پر متاثر کرے۔

یہ نفسیاتی عامل اکیلا اس رجحان کا ذمہ دار نہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ثقافتی اور تربیتی عوامل بھی انسان کے دین کے بارے میں سوچنے کے انداز کو متاثر کرتے ہیں۔ انسان بچپن ہی سے یہ سیکھتا ہے کہ دین میں سوال اٹھانا مناسب نہیں یا بعض باتوں میں شک کرنا ایمان کی کمزوری سمجھا جاتا ہے۔ وقت کے ساتھ یہ تصور ایک مضبوط یقین بن جاتا ہے کہ ایمان کو محفوظ رکھنے کا طریقہ یہی ہے کہ غور و فکر سے بچا جائے۔ یہ تربیت ایسی طرزِ دینداری کو جنم دے سکتی ہے جو بغیر سوچے سمجھے مان لینے پر قائم ہو۔ یہ انداز وقتی طور پر انسان کو سکون تو دے دیتا ہے لیکن بعد میں اگر اسے ایسے سوالات یا شبہات کا سامنا ہو جائے جن سے نمٹنے کا اس نے طریقہ نہیں سیکھا ہوتا تو وہ الجھن کا شکار بھی ہو سکتا ہے۔

یہاں ایک اہم تضاد سامنے آتا ہے کہ دین پر غور و فکر سے خوف ہمیشہ ایمان کی حفاظت نہیں کرتا بلکہ بعض اوقات اسے اور زیادہ نازک بنا دیتا ہے۔ کیونکہ وہ ایمان جو سوچ اور غور کی مرحلے سے نہیں گزرا، زیادہ تر روایتی تقلید پر مبنی رہتا ہےاس کی بنیاد شعوری یقین پر نہیں ہوتی۔ جب انسان اپنی زندگی کے کسی بعد کے مرحلے میں نئے سوالات کا سامنا کرتا ہے تو وہ اکثر اپنے آپ کو ان سے نمٹنے کے لیے تیار نہیں پاتا۔لیکن یہاں یہ فرق کرنا ضروری ہے کہ دین کے بارے میں دو مختلف اقسام کی سوچ ہوتی ہیں۔ ہر تنقیدی سوچ منفی یا تباہ کن نہیں ہوتی اور ہر سوال سے اجتناب حکمت کی علامت بھی نہیں ہوتا۔ ان سوچوں میں جو سمجھنے کی جستجو کرتی ہیں اور ان سوچوں میں جو صرف تباہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں ایک بنیادی فرق ہے ۔

دین میں تنقیدی سوچ عموماً اعلی سمجھ حاصل کرنے کی خواہش سے پیدا ہوتی ہے۔ یہ نصوص، سیاق و سباق اور معانی کو سمجھنے کی کوشش ہوتی ہے اور دین کے جوہر کو انسانی تعبیرات سے الگ کرنے کی کوشش بھی ہوتی ہے۔ اس قسم کی سوچ سوالات کو ایمان کے لیے خطرہ نہیں سمجھتی بلکہ اسے معرفت کے راستے کا حصہ سمجھتی ہے۔

خطرناک اور ناکارہ سوچ بالکل مختلف ہے۔ یہ سوچ حقیقت کی تلاش سے زیادہ ہر چیز کو مسترد کرنے پر مرکوز ہوتی ہے۔ یہ ایک نفسیاتی رویہ ہےعلمی رویہ نہیں۔ ہے  یہ مستقل شک کی شکل اختیار کر سکتی ہے جو کبھی یقین تک نہیں پہنچتی، بلکہ خود ہی ایک مقصد بن جاتی ہے۔ ایسی حالت میں سوالات فہم کے لیے وسیلہ نہیں رہتے بلکہ ہر معنی کو رد کرنے کا ذریعہ  بن جاتے ہیں۔

ان دونوں قسم کی سوچ کو ملا دینا نقصان دہ نتائج پیدا کر سکتا ہے۔ اگر ہم ہر سوال کو تباہ کاری کی قسم سمجھیں تو ہم خود کو دقت سے سمجھنے کے موقع سے محروم کر دیتے ہیں۔ اگر ہم ہر شک کو بذات خود فضیلت سمجھیں تو ہم اس نفسیاتی خالی پن میں جا سکتے ہیں جو زندگی سے معنی چھین لیتا ہے۔

یہاں سے کہا جا سکتا ہے کہ دین پر غور و فکر بذات خود خطرناک نہیں بلکہ اس کی غیر موجودگی زیادہ خطرناک ہو سکتی ہے۔ وہ دین جو ایک بند نظام کے طور پر سمجھا جائے اور جس میں سوال کی گنجائش نہ ہو بعض لوگوں کے ذہن میں ایسا نازک وجود بن سکتا ہے جو روشنی سے ڈرتا ہے۔ جبکہ وہ دین جو سمجھا جائے کہ معرفت اور ہدایت کا راستہ ہے وہ درست سوالات سے نہیں ڈرتا۔

دین کی فکری تاریخ خود یہ ظاہر کرتی ہے کہ بہت سے بڑے فکری مکاتب دقیق سوالات سے وجود میں آئے جو نصوص اور معانی کے بارے میں اٹھائے گئے۔ دین پر غور و فکر ہمیشہ بغاوت کی علامت نہیں رہا بلکہ اکثر یہ الٰہی پیغام کو زیادہ درست اور دقت سے سمجھنے کی خواہش کا اظہار ہوتا رہا ہے۔

ایک اور زاویے سے دیکھا جائے تو وہ انسان جو اپنے دین کے بارے میں مخلصانہ غور کرتا ہے، لازماً اپنے عقیدے کو بدلنے کی کوشش نہیں کرتابلکہ اس کا مقصد اکثر اسے زیادہ دقت اور دلیل کے ساتھ مضبوط کرنا ہوتا ہے۔ سوچ اور غور و فکر کے ذریعے پیدا ہونے والا یقین عموماً اس یقین سے زیادہ پائیدار ہوتا ہے جو صرف روایت یا تقلید پر قائم ہوتا ہے۔

یہاں دینی فکر میں توازن ضروری ہے۔ یہ مسلسل شک یا بلا سوال تسلیم کرنے پر مبنی نہیں ہوتی بلکہ نصوص کے احترام اور انہیں سمجھنے کی خواہش کے درمیان توازن قائم کرتی ہے۔ اس توازن کے لیے ایک ایسا ثقافتی ماحول بھی ضروری ہے جو اچھی گفتگو کی اجازت دے اور درست  سوالات کو تمسخر یا اشتعال انگیزی سے الگ کر سکے۔

جب انسان محسوس کرتا ہے کہ سوالات بلا خوف اٹھائے جا سکتے ہیں اور سمجھنے کی جستجو فکری جرم نہیں ہے تو دین پر غور و فکر قدرتی علمی نشوونما کا حصہ بن جاتا ہے۔ لیکن جب سوالات الزام تراشی یا بے چینی کا سبب بن جائیں تو لوگ اکثر سوچ سے اجتناب کرنا سیکھ لیتے ہیں تاکہ سماجی یا نفسیاتی سکون برقرار رہے۔

دین بذات خود محض تیار شدہ جوابات کا مجموعہ نہیں بلکہ یہ غور و فکر اور تدبر کی دعوت بھی ہے۔ وہ انسان جو اپنے دین کو سمجھنے کے لیے عقل استعمال کرتا ہے، لازماً اس سے دور نہیں ہوتابلکہ اکثر وہ اس کے قریب تر آتا ہے۔ کیونکہ ایمان جو عقل اور دل دونوں کے ذریعے گزرتا ہے، وقت کے چیلنجوں کے سامنے زیادہ پائیدار اور مستحکم رہتا ہے۔اسی لیے دین پر غور و فکر سے خوف اکثر اوقات علم کے ساتھ نامکمل تعلق کی عکاسی کرتا ہے۔ جب انسان یہ سمجھتا ہے کہ سوال ایمان کا دشمن نہیں بلکہ اسے سمجھنے کے راستے کا ایک قدم ہے تو سوچ و فکر خوف کا سبب بننے کی بجائے نشوونما اور پختگی کا ذریعہ بن جاتی ہے۔

آخر میں ان لوگوں کے درمیان یہ فرق بہت واضح رہتا ہے جو سوال کرتے ہیں کیونکہ وہ سمجھنا چاہتے ہیں اور ان کے درمیان جو سوال کرتے ہیں  اور تباہی  چاہتے ہیں۔ پہلا گروہ سچ کی تلاش کے راستے پر چلتا ہے چاہے وہ راستہ لمبا ہی کیوں نہ ہو جبکہ دوسرا گروہ ایک ایسے شک کے راستے پر چلتا ہے جو کسی نتیجے تک نہیں پہنچاتا۔ انہی دو راستوں کے درمیان طے ہوتا ہے کہ انسان دین کے ساتھ کس نوعیت کا تعلق قائم کرتا ہے: کیا وہ تعلق خوف اور اجتناب پر مبنی ہےیا شعور، تدبر اور ذمہ داری پر مبنی ہے۔

شیئر: